سیلاب سے متاثر ہ تمام گرڈ سٹیشنز پر بجلی کی فراہمی مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے، وزیر اعظم کے مشیر انجینئرامیر مقام کاپریس کانفرنس سے خطاب

113

پشاور۔12ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں متاثر ہونے والے تمام گرڈ سٹیشنز پر بجلی کی فراہمی مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے ،

واپڈا ہائوس پشاور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ، اجلاس میں گرڈ سٹیشنز ، ٹرانسمیشن لائنز اور دیگر انفراسٹرکچر کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا گیا اور پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے بحالی آپریشن پر بھی گفتگو ہوئی ۔

امیر مقام نے کہا کہ اس وقت وفاقی حکومت کی اولین ترجیح متاثرین سیلاب کو ریلیف کی فراہمی اور انکی بحالی کے عمل کو آگے بڑھا نا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے پاور ڈویژن کو ہدایت کی تھی کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی فوری طور پر بحال کی جائے یہی وجہ ہے کہ گرڈ سٹیشنزکی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر کیا گیا،

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم براہ راست بحالی کے عمل کی نگرانی کرتے رہے ،امیر مقام نے کہا کہ حالیہ سیلاب کے نتیجے میں بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہوا اور کئی علاقوں میں بجلی کے پولز تک سیلابی ریلوں میں بہہ گئے ، انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ پوری قوم متحد ہو کر متاثرین سیلاب کی مدد اور بحالی کا عمل تکمیل تک پہنچائے ،

انہوں نے کہا کہ پیسکو کو سیلابی صورتحال کے باعث 500ملین جبکہ ٹیسکو کو 60ملین روپے کے نقصانات اٹھانا پڑے ہیں، انہوں نے سیلاب زدہ علاقوں میں متعدی امراض کے پھیلاو کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ سیلاب پاکستان کی تاریخ کا سب سے تباہ کن سیلاب ثابت ہوا ہے اور دیگر صوبوں کی طرح خیبر پختونخوا کو بھی شدید نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے ،

انہوں نے کہا کہ تمام اداروں بشمول پاکستان آرمی ،این ڈی ایم اے ، پی ڈی ایم اے وغیرہ نے ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کے دوران مثالی کردار ادا کیا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کے لوگ ایک بہت بڑی مصیبت سے دو چار ہیں لیکن عمران خان کو صرف اور صرف اپنی سیات چمکانے کی فکر ہے ،

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو چاہیئے کہ وہ قومی مفاد میں اپنے سیاسی عزائم ایک طرف رکھ کر متاثرین سیلاب کی مدد اور بحالی کے کاموں میں ہاتھ بٹائیں ،قبل ازیں انجینئر امیر مقام کی زیرصدارت اجلاس میں انہیں پیسکو حکام نے بجلی کے ترسیلی نظام کو پہنچنے والے نقصانات اور ترسیلی نظام کی بحالی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔