اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچنے کے لیے ملک میں نئے ڈیموں کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے۔ منگل کو پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیلابی پانی ہمارے ملک کو مسلسل نقصان پہنچا رہا ہے اور ہر سال لاکھوں لوگ اس سے متاثر ہوتے ہیں لہٰذا اس مسئلے کا مستقل حل تلاش کرنا ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے ذاتی طور پر سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے اپنی 18 ماہ کی تنخواہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اختلافات بھلا کر ملک و قوم کے مستقبل کے لیے متحد ہونا چاہیے۔
قیصر احمد شیخ نے کہا کہ چین نے اپنی عوامی ترقی کو ترجیح دی اور 7 کروڑ افراد کو غربت سے نکال کر دنیا کے سامنے ایک مثال قائم کی جبکہ ہم آج بھی ڈیم بنانے پر اختلافات میں الجھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیموں کی تعمیر ناگزیر ہے تاکہ ہر سال آنے والی تباہی اور نقصانات سے بچا جا سکے۔