26.5 C
Islamabad
اتوار, مئی 11, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںسیلاب سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی فوری اور وسیع پیمانے پر...

سیلاب سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی فوری اور وسیع پیمانے پر مالی مدد کی ضرورت ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

- Advertisement -

اقوام متحدہ۔12ستمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے سیلاب سے نمٹنے میں قومی اور علاقائی سطح پر پاکستان کی فوج اور حکومت کی وسیع پیمانے پر کی جانے والی امدادی کوششوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پاکستان کے لیے فوری اور وسیع پیمانے پر مالی مدد کرنے پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقہ میرے ملک پرتگال کے کل رقبہ سے بھی تین گنا زیادہ ہے ۔

دورہ پاکستان کے اختتام پر کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دنیا میں کئی انسانی المیے دیکھے ہیں لیکن ماحولیاتی تبدیلی کے باعث اس قدر بڑے پیمانے پر تبدیلی پہلی بار دیکھی ہےاور اسے بیان کرنے کے لیے ان کے پاس الفاظ نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ انہیں سیلاب متاثرین کی بے پناہ مشکلات و مصائب پر افسوس ہے اس کے ساتھ ساتھ انہوں نےامدادی کارکنوں اور عام آدمی کی مشکل گھڑی میں اپنی بہنوں اور بھائیوں کی مدد ، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بڑے پیمانے پر امداد کی فراہمی اور ہیروازم کی شاندار مثالیں بھی دیکھی ہیں۔ انہوں نے سیلاب سے نمٹنے کے لیے قومی اور علاقائی سطح پر پاکستان کی فوج اور حکومت کی وسیع پیمانے پر کی جانے والی امدادی کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا ۔

- Advertisement -

انہوں نے متاثرہ علاقوں میں اس مشکل گھڑی میں سول سوسائٹی، انسانی تنظیموں اور اقوام متحدہ کے اہلکاروں اور ڈونرز کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پاکستان کی مدد کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ضروریات بہت زیادہ ہیں یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے لیےفوری اور وسیع پیمانے مالی مدد کی ضرورت ہےاور یہ صرف یکجہتی اور فراخدلی کا مظاہرہ کرنے بلکہ انصاف کا بھی سوال ہے۔

پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے دورہ پاکستان پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس مشکل وقت میں پاکستان کا دورہ کیا اور کئی ماہ سے جاری مون سون بارشوں کے باعث بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہ کاریاں دیکھیں۔ انہوں نےاس بات پر زور دیا کہ یہ ماحولیاتی بحران پاکستان کا پیدا کردہ نہیں ہے اس لئے اس بحران سے نمٹنے کے لیے عالمی اقدامات کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے میں پاکستان کی مدد کے لیے پہلے ہی 160ملین ڈالر کی فلیش اپیل کی ہوئی ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=326815

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں