سیلاب سے پاکستان کی پائیدار اقتصادی ترقی کاعمل متاثرہوا،معاشی نمو کو برقرار رکھنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیرخزانہ 

123

اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات مفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ سیلاب کی وجہ سے پاکستان کی پائیدار اقتصادی ترقی کاعمل متاثرہواہے تاہم معاشی نمو کو برقرار رکھنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں امریکی محکمہ خارجہ کے قونصلرڈیریک کوہلٹ اورپاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈبلوم سے ملاقات میں کہی

۔وزیرخزانہ نے امریکی وفد کاخیرمقدم کیا اور پاک امریکا دوطرفہ کثیرالجہتی تعلقات پرروشنی ڈالی۔ وزیر خزانہ نے امریکی محکمہ خارجہ کے وفد کو ملک کی کلی معیشت کی صورتحال اورپیش منظرسے آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے وفد کو مشکل وقت سے نکلنے کیلئے موجودہ حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے انتظامی اقدامات کے بارے میں بھی بتایا۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں تباہ کن سیلاب کی وجہ سے معیشت مشکل دور سے گزر رہی ہے جس سے زرعی شعبے اوربنیادی ڈھانچہ کو بری طرح نقصان پہنچا ہے۔

مفتاح اسماعیل نے بتایاکہ سیلاب کی وجہ سے پاکستان کی پائیدار اقتصادی ترقی کاعمل متاثرہواہے تاہم موجودہ حکومت کی اولین ترجیح معاشی نمو کو برقرار رکھنا ہے۔ وفاقی وزیر نے وفد کو پاکستان میں عالمی بینک کے رائز اورپیس منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے قونصلر نے اپنی ٹیم کا تعارف کرایا اور معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے مشکل اقدامات پر وزیر خزانہ کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان میں سیلاب کی وجہ سے ہونے والے نقصان اورملک کودرپیش مشکل وقت پر ہمدردی کااظہاربھی کیا۔انہوں نے مشکل وقت میں ترقی اورنمو کو برقرار رکھنے کے لیے کی جانے والی عملی کوششوں کا بھی اعتراف کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

دریں اثناء وزیرخزانہ نے ویان کے گروپ سی ای او ترزی گلو سے وزارت خزانہ میں ملاقات کی، ہیڈ آف انویسٹرریلیشنز کیرشاو، ویان کے شئیرہولڈر میتھیوسکولاری،جاز کے سی ای اوعامرابراہیم اوروزارت خزانہ کے سینئر افسران بھی اس موقع پرموجودتھے۔ویان کے سی ای او نے وزیرخزانہ کواپنے گروپ کے پروفائل، وژن اورپاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری لانے میں گروپ کے کردارپرروشنی ڈالی۔انہوں نے گروپ کودرپیش مختلف مسائل سے بھی وزیرخزانہ کوآگاہ کیا۔

وزیرخزانہ نے وفد کوملک میں غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ اورسرمایہ کاروں کوسہولیات دینے کے ضمن میں موجودہ حکومت کی جانب سے اٹھائے جانیوالے اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے ویان کے سی ای اوکومسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ وزیرخزانہ نے گروپ کی جانب سے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی ضرورت پربھی زوردیا۔