سیلاب متاثرین میں لوڈر رکشے ،قربانی کے جانوروں کی تقسیم

195

لاڑکانہ۔7جون (اے پی پی):ہلال احمر پاکستان نے سیلاب متاثرین کی مدد کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے لاڑکانہ اور قمبر شہداد کوٹ کے سیلاب متاثرین میں لوڈر رکشے اور قربانی کے لیے بکرے تقسیم کئے ۔ ہلال احمر پاکستان کے زیر اہتمام تقریب اسٹیڈیم میں منعقد کی گئی، 35 متاثرین کو لوڈر رکشے اور 80 گھرانوں کو قربانی کے لیے بکرے دیئے گئے۔چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہلال احمر پاکستان سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑا ہے اور آخری متاثرہ گھرانے کی مدد تک موجود رہے گا۔

سیکرٹری جنرل ہلال احمر پاکستان عبید اللہ خان اور سیکرٹری ہلال احمر سندھ برانچ کنور وسیم اورچیئرمین ہلال احمر لاڑکانہ برانچ احمد محمود فاروقی نے متاثرین میں لوڈر رکشے اور قربانی کے لیے بکرے تقسیم کئے۔آڈٹ آفیسر ہلال احمر پاکستان عقیل جوکھیو کے مطابق اس سے قبل ہلال احمر پاکستان کی جانب سے گھریلو کفالت کے لیے بھینسیں بھی سیلاب متاثرہ علاقوں میں تقسیم کی جا چکی ہیں۔

تقریب میں لائیولی ہڈ پروگرام کے سیف جمالی،میڈم ثوبیہ عزیز،ذوالفقار احمد،رجب مشہوری مشرف حسین،محمد ابراہیم کے علاو ہ لاڑکانہ برانچ کے عملہ ،رضاکاروں نے شرکت کی۔