سیالکوٹ۔ 02 ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی امور چودھری ارمغان سبحانی نے کہا ہے کہ بجوات کے عوام نے ہمیشہ بھارت کی فائرنگ اور آبی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے، اس لیے ان کے نقصانات کا ازالہ حکومت کی اولین ترجیح ہے،سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اورانکی بحالی کےلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے موضع کاہلیاں میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت نے انتظامیہ اور سرکاری اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بجوات میں گیپکو کمپلینٹ سنٹر قائم کیا جا رہا ہے جبکہ بجلی کی بحالی کا عمل آج سے شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ علاقوں میں راشن بیگز کی تقسیم اور دیگر ریلیف سرگرمیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔
قبل ازیں وفاقی وزیر مملکت چودھری ارمغان سبحانی، ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی، چیئرمین پلرا چودھری طارق سبحانی اور رکن صوبائی اسمبلی رانا عارف ہرناہ نے بجوات اور چپراڑ کا تفصیلی دورہ کیا اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات اور جاری بحالی کاموں کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا کہ موجودہ سیلاب ملکی تاریخ کا بڑا سانحہ ہے، جس نے بجوات کو شدید متاثر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر متاثرہ افراد کی داد رسی کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی جا چکی ہیں اور نقصانات کے تخمینے کے لیے ڈرون امیجری بھی تیار کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ بجوات پل بہہ جانے کے بعد آمدورفت بحال کر دی گئی ہے جبکہ محکمہ شاہرات کا عارضی پل بھی آج فنکشنل کر دیا جائے گا۔چیئرمین پلرا چودھری طارق سبحانی اور رکن صوبائی اسمبلی رانا عارف ہرناہ نے کہا کہ حکومت مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ خواجہ عمیر، چودھری صبور کسانہ، مہر محمد ساجد اور چودھری محمد اعظم بھی موجود تھے۔