اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کو ہدایت کی ہے کہ متاثرین سیلاب کی امدادی سرگرمیوں کیلئے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی طرف سے بھجوایا گیا امدادی سامان بلامعاوضہ پہنچایا جائے ، سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کیلئے تمام قومی اداروں کو مل کر کام کرنا ہو گا،پی آئی اے کے یورپ اور برطانیہ کے فضائی آپریشن کی بحالی کیلئے کوششوں کو تیز کیا جائے گا۔
پی آئی اے کے ترجمان کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے یہ ہدایات پی آئی اے انتظامیہ کی طرف سے بریفنگ کے دوران جاری کیں۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ پی آئی اے یورپی ، برطانوی اور امریکی فضائی آپریشن کی بحالی کیلئے اقدامات تیز کرے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اس سلسلہ میں پاکستانی ایوی ایشن حکام کی ٹیم برسلز جائے گی جو یورپی فضائی ایجنسی کو آپریشن بحال کرنے کیلئے اقدامات سے آگاہ کرے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی آئی اے اور وزارت ہوابازی کی ٹیم ستمبر کے اوائل میں امریکہ جائے گی جوپی آئی اے کی طرف سے فضائی سیکیورٹی، سیفٹی اور پیشہ وارانہ امور سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات سے امریکی ایوی ایشن حکام کو آگاہ کرے گی۔
اسی طرح لندن ہیتھرو ایئر پورٹ کے سلاٹس کو محفوظ بنانے کیلئے پی آئی اے کی ٹیم فوری طور پر برطانیہ جائے گی اور اس معاملے کو مکمل کر کے واپس آئے گی۔ وفاقی وزیر نے اس موقع پر سیلاب متاثرین کیلئے امدادی کوششوں کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی طرف سے بھجوایا جانے والا امدادی سامان بلامعاوضہ متاثرہ علاقو ں تک پہنچائے۔ سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کیلئے تمام قومی اداروں کو مل کر اپنا فریضہ ادا کرنا ہو گا۔