اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی): سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے متحدہ عرب امارات سے مزید دو امدادی پروازیں پاکستان پہنچ گئیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان انسانی ہمدردی کی بنیاد پر قائم کیے گئے فضائی پل کے تسلسل میں دو امدادی پروازیں شیڈول کے مطابق جمعہ کو نور خان ایئر بیس راولپنڈی پہنچ گئی ہیں۔
متحدہ عرب امارات سے اب تک 11 امدادی پروازیں تباہ کن سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے امدادی سامان لے کر پاکستان آئی ہیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہم متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کا اس سنگین بحران کی گھڑی میں حمایت اور یکجہتی پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔