کوئٹہ۔ 30 ستمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد ہماری اولین ترجیح ہے،سیلاب متاثرین 2022سے بے گھر ہیں ،وفاقی و صوبائی حکومتیں سیلاب متاثرین کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں ۔پیر کو سیلاب متاثرین کی بحالی کے حوالے سے وزیراعلی سیکرٹریٹ کوئٹہ میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں چیک تقسیم کرنے کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے بطور وزیر خارجہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئےانٹرنیشنل فنڈنگ کے حوالے سے بھرپورکوشش کی ، ہم نے سیلاب متاثرین کو نئے گھر بنا کر دینے ہیں، سندھ میں متاثرین کیلئے گھروں کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے، سیلاب متاثرین کیلئے مختص گھروں کا پیسہ کسی بابو کیلئے نہیں چھوڑا، منصوبے میں ورلڈ بینک کی فنڈنگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وصوبائی حکومتیں سیلاب متاثرین کے مسئلے کو سنجیدگی سے لیں، وزیراعلیٰ سندھ سے بھی کہتا ہوں کہ وہ بلوچستان والوں سے بات کریں، گھر ایسے بنائیں کہ اگلے سیلاب میں وہ متاثرین ایسے ہی نہ بیٹھے ہوں جیسے اب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں بلوچستان کے ساتھ سوتیلوں جیسا سلوک کیا گیا، بلوچستان کے وزیراعلیٰ اور کابینہ سے درخواست کرتا ہوں کہ اس منصوبے کو دیکھیں، آپ کو اس منصوبے کیلئے فنڈز مختص کرنا ہوں گے،پیپلزپارٹی بلوچستان کےعوام کی ہرممکن مدد کرے گی۔
تقریب میں وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی، رکن قومی اسمبلی اعجاز جکھرانی، سپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی، صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی اور پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماؤں صابر بلوچ، سردار سربلند جوگیزئی، علی مدد جتک اور دیگر نے شرکت کی۔