لاہور۔28اگست (اے پی پی):سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا،پوری قوم اس مشکل گھڑی میں سیلاب میں گھرے خاندانوں کی آ واز بنیں ،اجتماہی کاوشوں سے پنجاب بڑی تباہی سے بچ گیا ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کے روزدریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر سیلابی صورت حال کا جائزہ لینے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری بھی موجود تھیں ۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کے دریائوں میں اس وقت سیلابی صورت حال ہے ، اللہ تعالی کا شکر ہے کہ وزیر اعلی مریم نواز کی بہتر حکمت عملی اور اجتماعی کاوشوں سے پنجاب بڑی تباہی سے بچ گیا ۔انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلابی صورت حال میں سوا دو لاکھ افراد اور پونے دو لاکھ مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جبکہ مون سون کی شدید بارشوں سے سیلاب کے باعث 12 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں ، پوری قوم اس مشکل گھڑی میں سیلاب متاثرین کی آواز بنے ،یہ وقت سیاست چمکانے کا نہیں بلکہ متحد ہوکر سیلاب متاثرین کی مدد کرنا ہے ۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاک فوج ،ریسکیو 1122 اور تمام اضلاع کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز فیلڈ میں موجود ہیں ، پنجاب کے تمام وزرا بھی اپنے علاقوں میں صورتحال مانیٹر کر رہے ہیں،وزیر اعلی مریم نواز کی طرف سے بروقت ریلیف دینے پر ریسکیو ٹیموں اور اس دوران میڈیا کو بہترین رپورٹنگ کرنے پر شاباش دیتے ہیں،میڈیا کی وجہ سے سیلابی صورتحال ریسکیو آپریشن میں مدد ملی ۔انہوں نے کہا کہ آٹھ ماہ قبل نالوں کی صفائی کا آپریشن کیا گیا ،نالوں کی بروقت صفائی سے حالات کنٹرول میں ہیں۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز نے پنجاب میں حالیہ سیلابی صورت حال کو اپنی بہترین حکمت سے احسن انداز میں سنبھالا،پنجاب میں غیر متوقع سیلابی صورتحال اورپنجاب حکومت فعال کردارادا کر رہی ہے ،دریائے راوی میں پہلے کبھی ایسی صورتحال نہیں دیکھی،جہاں سڑکوں کا نقصان ہوا، اسے ٹھیک کیا جائے گا،یہ موقع سیاست کرنے کا نہیں بلکہ متحد ہونے کا ہے ۔