سیلاب کے بعد کی بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں پر ڈونرز کانفرنس جنوری کے دوسرے ہفتے میں متوقع ہے، سردارایازصادق

198

اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیراقتصادی امورسردارایازصادق نے کہاہے کہ کہ پاکستان میں سیلاب کے بعد کی بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں پر ڈونرز کانفرنس جنوری کے دوسرے ہفتے میں متوقع ہے۔انہوں نے یہ بات جمعہ کویہاں جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے جنوبی ایشیا کے ڈائریکٹر جنرل ایتو تریوکی کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور مستقبل میں ممکنہ تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔وزیر اقتصادی امور نے وزارت میں مہمانوں کاخیرمقدم کیا۔ ملاقات میں سیکرٹری اقتصادی امور اور ایڈیشنل سیکرٹری بھی موجود تھے۔ایتو تریوکی نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہاکہ حکومت جاپان پاکستان میں سیلاب کے بعدبحالی کی کوششوں کے لیے امدادی سامان کے ساتھ ساتھ گرانٹ بھی فراہم کر چکی ہے۔ حکومت جاپان فوری امدادی کارروائیوں کے لیے تکنیکی معاونت کا منصوبہ شروع کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جائیکا پاکستان میں سیلاب کے بعد بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں پر ڈونرز کانفرنس میں شرکت کا منتظر ہے۔

وفد نے جائیکا کی مالی اعانت سے چلنے والے جاری منصوبوں سے متعلق مسائل کے حل میں تعاون کی درخواست بھی کی۔اقتصادی امور کے وزیر نے سیلاب متاثرین کی امدادپر وفدکا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ پاکستان میں سیلاب کے بعد کی بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں پر ڈونرز کانفرنس جنوری 2023 کے دوسرے ہفتے میں متوقع ہے۔

انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور آٹوموبائل کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان روابط بڑھانے کی تجویز دی۔وفاقی وزیر نے جاپانی عہدیدارکو یقین دلایا کہ وزارت اقتصادی امور جائیکا کے فنڈ سے چلنے والے منصوبوں سے متعلق مسائل کے حل میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

اقتصادی امور کی وزارت کے سیکرٹری نے مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان مزید بامعنی تعاون کے لیے تمام ضروری سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کے ساتھ مسلسل تعاون پر حکومت جاپان کی تعریف کی۔انہوں نے جائیکا کی مالی اعانت سے چلنے والے منصوبوں سے متعلق مسائل کے حل میں ہر ممکن تعاون کا یقین بھی دلایا۔