سیمنٹ کی برآمدات میں 7 ماہ کے دوران 90 فیصد اضافہ

83
cement
cement

اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):سیمنٹ کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 90 فیصد کانمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیا ہے۔ آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررزایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں4.09 ملین میٹرک ٹن سیمنٹ کی برآمدات ریکارڈکی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 90 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 2.15 ملین میٹرک ٹن سیمنٹ کی برآمدات ریکارڈکی گئی تھی۔ جنوری میں 0.44 ملین میٹرک ٹن سیمنٹ کی برآمدات کا اندازہ لگایا گیا ہے جو گزشتہ جنوری کے مقابلہ میں 5 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال جنوری میں 0.42ملین میٹرک ٹن سیمنٹ کی برآمدات ریکارڈکی گئی تھی۔

اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں مقامی کھپت میں 2 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ مالی سال کےپہلے 7 ماہ میں 23.17 ملین میٹرک ٹن سیمنٹ کی مقامی کھپت ریکارڈکی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 23.62 ملین میٹرک ٹن تھی۔ جنوری میں سیمنٹ کی مقامی کھپت 2.94 ملین میٹرک ٹن کا اندازہ ہے جو گزشتہ سال جنوری کے مقابلہ میں 18 فیصد کم ہے۔ گزشتہ سال جنوری میں 3.5 ملین میٹرک ٹن سیمنٹ کی مقامی کھپت ریکارڈکی گئی تھی۔