اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):سیمنٹ کی برآمدات میں جاری مالی سال کے دوران 28 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ اس دوران سیمنٹ کی مقامی فروخت میں 6.6 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے ۔ آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ میں جولائی تا مارچ کے دوران سیمنٹ کی برآمدات 6.53 ملین ٹن تک پہنچ گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران برآمدات کا حجم 5.1 ملین ٹن رہا تھا ۔
اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ میں سیمنٹ کی قومی برآمدات میں 0.52 ملین ٹن یعنی 28 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب سیمنٹ کی مقامی فروخت گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے دوران 6.6 فیصد کی کمی سے 29.4 ملین ٹن کے مقابلہ میں 27.46 ملین ٹن تک کم ہوگئی۔
اے پی سی ایم اے کے مطابق جولائی 2024 تا مارچ 2025 کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت بشمول مقامی فروخت و برآمدات 33.99 ملین ٹن رہی ہے جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کی 34.5ملین ٹن فروخت کے مقابلہ میں 1.48 فیصد کم ہے۔ رپورٹ کے مطابق مارچ 2024 کے مقابلہ میں مارچ 2025 میں سیمنٹ مقامی فروخت 11.3 فیصد کی کمی سے 3.34 ملین ٹن کے مقابلہ میں 2.96 ملین ٹن رہی ہے جبکہ دوسری جانب برآمدات 6 لاکھ 5 ہزار 142 ٹن کے مقابلہ میں 6 لاکھ 8 ہزار 614 ٹن ریکارڈ کی گئی ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578796