اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں رواں مالی سال کے 11ماہ کے دوران 2.45فیصد جبکہ برآمدا ت میں 25.73 فیصد اضافہ ہوا ہے۔آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن(اے پی سی ایم اے) کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی 2024 تامئی 2025کے دوران سیمنٹ ساز صنعت کی مجموعی فروخت 42.764ملین ٹن تک بڑھ گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران فروخت کا حجم 41.739ملین ٹن رہا تھا۔اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں10 لاکھ25 ہزار ٹن یعنی 2.45فیصد اضافہ ریکارڈکیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران سیمنٹ کی برآمدات میں 25.73فیصد کا نمایاں اضافہ واقع ہوا ہے اور جولائی 2024 تا مئی 2025کے دوران برآمدات کا حجم 8.345ملین ٹن تک پہنچ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں 6.637ملین ٹن سیمنٹ برآمد کیا گیا تھا ۔ دوسری جانب گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال کے دوران سیمنٹ کی مقامی فروخت میں 1.94فیصد کمی ہوئی ہے اور گزشتہ سال کی فروخت 35.102ملین ٹن کے مقابلے میں جاری مالی سال کے دوران فروخت کا حجم 34.419ملین ٹن رہا ہے ۔
مئی 2025کے دوران شمالی ریجن میں سیمنٹ کی فروخت 11.87فیصد اضافہ سے 2.195ملین ٹن کے مقابلے میں 3.261ملین ٹن رہی ۔اسی طرح جنوبی ریجن کی سیمنٹ کی فروخت 5.37فیصد اضافہ کے ساتھ مئی 2024کی 6لاکھ 9ہزار174ٹن کے مقابلے میں 6 لاکھ 41 ہزار894ٹن ہو گئی ہے۔