کراچی ۔ 4 اگست (اے پی پی) رواں برس مالی سال کے پہلے مہینے جولائی میں گزشتہ برس اسی مدت کے مقابلے میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 45 فیصد رہی۔ مقامی کھپت میں 55 فیصد اور برآمدات میں 2.28 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جون 2017ءمیں انڈسٹری کی خراب صورت حال کے بعد یہ بہتری صنعت کے لیے ایک اچھا آغاز ہے کیونکہ جولائی کے مہینے میں کھپت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ سیاسی تناﺅ اور غیر متوقع بارشوں کے باوجود پیداوار میں کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ اس سے تعمیراتی صنعت میں آنے والی بہتری بھی ظاہر ہوتی ہے۔سیمنٹ سیکٹر کی پیداواری گنجائش کا استعمال 86.46 فیصد تھا۔سیمنٹ کی سالانہ پیداواری صلاحیت میں 46.94 ملین ٹن تک کا اضافہ ہوچکا ہے۔جولائی 2017ءمیں شمالی علاقے میں قائم سیمنٹ کے کارخانوں کی فروخت 2.423 ملین ٹن رہی جبکہ برآمدات جولائی 2017ء میں 0.338 ملین ٹن تھیں جبکہ گزشتہ برس جولائی میں مقامی کھپت 1.51ملین ٹن اور برآمدات 0.306ملین ٹن تھیں۔