بیجنگ۔3دسمبر (اے پی پی):چین نے سیمی کنڈکٹر کی برآمدات پر اپنے تازہ ترین کنٹرول اقدامات اور چینی کمپنیوں پر پابندیوں کے بارے میں امریکا سے احتجاج کیا ہے، یہ بات چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے منگل کو روزانہ کی نیوز بریفنگ کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ملک کی سائنسی اور تکنیکی ترقی کو دبانے پر امریکا کے ساتھ احتجاج کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین ہمیشہ امریکا کی قومی سلامتی کے تصور کو بڑھانے، برآمدی کنٹرول کا غلط استعمال کرنے اور چینی کمپنیوں پر پابندیوں کے غیر قانونی یکطرفہ اقدامات مسلط کرنے کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے طرز عمل بین الاقوامی اقتصادی اور تجارتی نظام کو کمزور کرتے ہیں، عالمی پیداوار اور سپلائی چین کے استحکام میں خلل ڈالتے اور تمام ممالک کے مفادات کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ چینی ترجمان نےکہا کہ چین نے امریکاپر زور دیا ہے کہ وہ منڈی کی معیشت کے قوانین اور منصفانہ مسابقت کے اصول کا احترام کرے اور چین اپنی سلامتی اور ترقیاتی مفادات کے مضبوطی سے تحفظ کے لئے ضروری اقدامات کرے گا۔