سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی جانب سے شہریوں کے لئے ایمرجنسی الرٹ جاری ، احتیاطی تدابیر اختیار کر نے کی اپیل

134
Maryam Aurangzeb

لاہور۔28اکتوبر (اے پی پی):سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی جانب سے شہریوں کے لئے ایمرجنسی الرٹ جاری کر دیا گیا۔سوموار کے روز جاری اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ دہلی، امرتسر اور چندی گڑھ کی سموگ تیز ہوا کے نتیجے میں لاہور میں داخل ہو رہی ہے جس سے شہر کی آلودگی میں اضا فہ ہو رہا ہے،گزشتہ روز بھی ہوا تھمتے ہی لاہور کا ائیر کوالٹی انڈیکس 800 سے 191 پر آ گیا ۔ سینئر صوبائی وزیر نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سموگ کی صورتحال میں بچے ماسک پہنیں، امراض قلب اور سانس کے مریض کھلی ہوا میں نہ جائیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت سے چلنے والی 7 کلومیٹر فی گھنٹہ تیز رفتار سے ہوائیں لاہور میں داخل ہونے سے آلودگی میں یکدم اضافہ ہوتا ہے ۔بھارتی علاقوں میں فصل کی باقیات جلانے سے آلودگی بڑھی رہی ہے، تیز ہوا سے لاہور کا ائیر کوالٹی انڈیکس بھی متاثر ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے بھی ہر شہری سے ماسک پہننے کی اپیل کی ہے لہذا سموگ کی صورت حال میں بچوں کی حفاظت اور سہولت کے لیے سکول کا وقت صبح 8 بجکر 45 منٹ کیا گیا ہے ۔بچوں کو ماسک لازمی پہنائیں تاکہ انہیں موسمی شدت سے بچایا جا سکے

۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ والدین اور سکول انتظامیہ سے اپیل ہے کہ حفاظتی انتظامات میں غفلت نہ برتیں ۔والدین بچوں کو ماسک کے بغیر سکول نہ لے جائیں، یہ بچوں کی صحت کی ضرورت ہے۔پھیپھڑوں، سانس اور دل کے امراض میں مبتلا افراد اور بزرگ کھلی فضا میں نہ جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کا تعاون ہی اس مشکل سے نجات دلانے میں سب سے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔مریم اورنگزیب نے عوام سے اپنی گاڑیوں کوچیک کرنے،ٹریفک جام سے بچنے اورفصلوں کی باقیات کو نہ جلانے کی بھی اپیل کی ہے ۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ دھواں کرنے والی گاڑیاں کلیمپ ہونگی،کوئی بھٹہ زگ زیگ کے بغیر نہیں چلے گا اور آگ لکانے والے گرفتارہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی پھیلانے کی کسی بھی خلاف ورزی پر شہری 1373 یا گرین ایپ پر فوری اطلاع دیں۔