راولپنڈی ۔13جنوری (اے پی پی):سینئر صحافی اور روزنامہ اوصاف و اے بی این نیوز کے چیف رپورٹر جاوید شہزاد حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے ،ان کی نماز جنازہ پیر کو چوہڑ ہڑپال راولپنڈی میں ادا کی گئی۔
نماز جنازہ میں پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد،پاکستان مسلم لیگ ن کے راہنما ڈاکٹر جمال ناصر ،زمرد خان(ہلال امتیاز)،ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے تمام شعبوں کے افسران و ملازمین کے علاوہ جڑواں شہروں کی صحافتی تنظیموں،سیاسی و مذہبی راہنمائوں ،سماجی کارکنان،تاجر تنظیموں کے عہدیداران،کینٹ بورڈ کے اراکین ،پولیس و انتظامیہ کے افسران کے علاوہ مرحوم کے قریبی رشتہ داروں،دوستوں اور اہل علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اے پی پی اسلام آباد کے سینئر رپورٹر خرم شہزاد کے بڑے بھائی نجی چینل و روزنامہ اوصاف کے چیف رپورٹر جاوید شہزاد کو دل کی تکلیف ہونے پرہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ مرحوم جاوید شہزاد انتہائی ملنسار،خوش اخلاق اور نیک شخصیت تھے جو صحافتی شعبہ میں اپنا اہم مقام رکھتے تھے جبکہ دفاعی رپورٹنگ میں بھی مہارت رکھتے تھے ۔