اسلام آباد۔3جنوری (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر
مریم اورنگزیب نے محمود اچکزئی کے بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمود اچکزئی جیسے سینئر اور قابل احترام سیاستدان سے ایسی خلاف حقیقت گفتگو کی توقع نہیں تھی ۔
جمعہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خود محمود اچکزئی گواہ ہیں کہ شہباز شریف نے ہر بار نواز شریف سے بے وفائی کرنے سے انکار کیا تاریخ گواہ ہے کہ شہباز شریف نے تین بار وزارت عظمیٰ کی پیشکش ٹھکرائی لیکن بڑے بھائی سے بے وفائی نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نہ صرف اپنے بھائی کے ساتھ ہر طوفان میں ڈٹ کر کھڑے رہے بلکہ ہمیشہ ان کے ساتھ جیل بھی گئے اوربدترین صعوبتیں برداشت کیں ۔شریف خاندان کی رشتوں کے احترام اور وفا کی اقدار کو نبھانے کی روایت دنیا کے لئے مثال ہے ۔
نواز شریف اور شہباز شریف کے مخلص برادرانہ رشتے میں دراڑ کی قیاس آرائیاں چالیس سال سے جاری ہیں جو ہمیشہ جھوٹ اور پراپگنڈا ثابت ہوئیں ۔
سیاسی منظر نامے میں شہباز شریف وہ واحد مثال ہیں جنہوں نے وزیراعظم کی کرسی پر بھائی کی وفاداری کو ترجیح دی اور اخلاص کے امتحان میں ہمیشہ کھرے ثابت ہوئے۔