سینئر لیگی رہنمائوں میں قیادت کی خواہش جاگ اٹھی ہے،سپریم کورٹ نے نواز شریف کو سزاسنائی،ہم کیسے معاف کر سکتے ہیں،وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید

133

اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کے سینئر رہنما جو پہلے اپنے قائدین اور ان کے بچوں کے پیچھے ہاتھ باندھ کر کھڑے ہوتے تھے اب ان میں بھی قیادت کی خواہش جاگ اٹھی ہے، اگر وہ عوامی سطح پر بات کریں گے تو لوگ انہیں سراہیں گے، نواز شریف، شہباز شریف اور آصف علی زرداری ڈیل چاہتے ہیں، سپریم کورٹ نے نواز شریف کو سزا سنائی، ہم کیسے معاف کر سکتے ہیں۔

بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے نواز شریف کی صحت کے حوالے سے ایک بیانیہ بنایا اور بتایا کہ وہ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں، یہاں سے علاج کیلئے جب وہ بیرون ملک گئے تو بیمار تھے لیکن لندن پہنچتے ہی وہ ٹھیک ہو گئے اور اب وہ وہاں پر پرطعیش زندگی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، سابق وزیراعظم اب واپس آنے کیلئے تیار نہیں ہیں تو اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے سوال ہونا چاہیے کہ وہ لٹیرے کے ضامن کیسے بنے۔

مراد سعید نے کہا کہ سینئر لیگی رہنمائوں میں قیادت کی خواہش جاگ اٹھی ہے، اس سے پہلے وہ اپنے قائدین اور ان کے بچوں کے پیچھے ہاتھ باندھ کر کھڑے رہتے تھے، غلامی کی زنجیریں توڑنے کی خواہش ابھی بند کمروں تک ہے، دل گردہ دکھائیں اور عوامی سطح پر بات کریں تو لوگ انہیں سراہیں گے۔