سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اجلاس،کنٹینٹ اینڈ پروڈکشن بورڈ کے منظور شدہ منصوبوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال

66

کراچی۔ 03 مارچ (اے پی پی):سندھ کے سینئر وزیربرائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ان کے دفتر میں محکمہ اطلاعات کااہم اجلاس منعقد ہوا جس میں کنٹینٹ اینڈ پروڈکشن بورڈ کے منظور شدہ منصوبوں،حکومت سندھ کے اہم اقدامات کی تشہیر اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں صوبائی وزیرنے کنٹینٹ اینڈ پراڈکشن ریویو بورڈ کی جانب سے منظور شدہ منصوبوں اور ان کیلئے مواد کی تیاری کا جائزہ لیا۔

اجلاس میں انہوں نے کنٹینٹ اینڈ پراڈکشن بورڈ کے منظور شدہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ کے اقدامات کا مقصد سینما انڈسٹری کو فروغ دینااور اداکاری، گلوکاری، ہدایتکاری سمیت فلم انڈسٹری سے متعلق تمام شعبوں میں نئے ٹیلنٹ کو مواقع کی فراہمی یقینی بنانا ہے،جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔

انہوں نے ہدایات دیں کہ تمام منصوبے دی گئی مدت میں مکمل کیے جائیں اور کسی بھی غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ یہ منصوبے عوام میں آگاہی پیدا کرنے اور اپنے اقدامات کو اجاگر کرنے کیلئے شروع کر رہی ہے،تمام متعلقہ حکام یقینی بنائیں کہ یہ منصوبے اعلی معیار اور شفافیت کے ساتھ دیے گئے وقت میں مکمل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی تشہیر اور عوامی آگاہی کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل کیا جائے تاکہ عوام سندھ حکومت کی کوششوں سے بخوبی آگاہ رہیں۔