سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی خصوصی ہدایت پروائلڈلائف پارکس اور چڑیاگھروں میں جنگلی جانوروں کو گرمی کی لہر سے بچانے کے خصوصی انتظامات

149

لاہور۔28مئی (اے پی پی):سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی خصوصی ہدایت پر محکمہ ڈائریکٹرجنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب مدثر ریاض ملک کی زیر قیادت صوبہ میں جنگلی حیات کے تحفظ و فروغ کیلئے بھرپور سرگرم عمل ہے اور اسی تناظر میں شدید گرمی کی موجودہ لہر سے جنگلی جانوروں و پرندوں کو بچانے کیلئے محکمہ کے زیر انتظام وائلڈ لائف پارکس اور چڑیا گھروں میں خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں،ایسے ہی غیر معمولی انتظامات کے سبب ڈیرہ غازی خاں چڑیا گھر میں ریچھ،کونجیں اور مرغابیاں اپنے اپنے انکلوژرز میں بنے تالابوں میں تازہ پانی میں انجوائے کر رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اورڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب مدثر ریاض ملک کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف ڈی جی خاں ریجن عرفان فاروقی نے ڈی جی خاں چڑیا گھر میں رکھے جنگلی جانوروں و پرندوں کو گرمی کی موجودہ لہر سے بچانے کے لئے غیر معمولی انتظامات کر رکھے ہیں۔جانوروں و پرندوں کے انکلوژرز میں حسب ضرورت سایہ کی فراہمی کیلئے گرین شیٹس،شیلٹرز،ڈیزرٹ کولرز،پنکھوں،پینے اور نہانے کیلئے ٹھنڈے اور تازہ پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے،نیز جنگلی جانوروں و پرندوں کو خوراک میں بھی کدو،کھیرے اور تربوز وغیرہ فراہم کئے جا رہے ہیں۔

پانی میں وٹامن سی اور گلوکوز استعمال کیا جا رہا ہے اور انہی سہولیات کی فراہمی کے سبب دیکھا جا سکتا ہے کہ چڑیاگھر میں ریچھ،کونجیں اور مرغابیاں تازہ پانی کے تالابوں میں انجوائے کر رہے ہیں۔