سینئر وزیر نے گاڑیوں کی بایومیٹرک رجسٹریشن اور جدید کیو مینجمینٹ نظام کا افتتاح کردیا

125

کراچی۔ 29 مئی (اے پی پی):محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول نے گاڑیوں کی بایو میٹرک رجسٹریشن اور رجسٹریشن کے پورے عمل کو سائنسی بنیادوں پر استوار کرکے آسان بنانے کے لئے جدید کیو مینیجمینٹ سسٹم کا افتتاح کردیا ہے۔

بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق کراچی سوک سینٹر میں قائم ایکسائز موٹر رجسٹریشن ونگ کے دفتر میں سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ، ایکسائز و ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن نے گاڑیوں کی بایومیٹرک رجسٹریشن اور جدید کیو مینجمینٹ نظام کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت اپنی قیادت، صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کے مطابق عوام کو سہولیات فراہمی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنارہی ہے، بائیو میٹرک رجسٹریشن اور کیو مینجمنٹ سسٹم سے عوام کو مزید سہولت ملے گی، گاڑیوں کی رجسٹریشن کو بایومیٹرک نظام سے جوڑ دیا گیا ہے جس سے جعلسازی کو روکنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت پورے صوبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کیلئے پر عزم ہے، ٹیکنالوجی کی مدد سے لوگوں کیلئے سہولیات کے ماحول کی فراہمی حکومتوں کا فرض ہے، سوک سینٹر میں محکمہ ایکسائز کا یہ دفتر پاکستان کا سب سے بڑا موٹر رجسٹریشن دفتر ہے۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہ اکہ لوگوں کو کیو مینجمنٹ سسٹم کے زریعے سہولت دی گئی ہے، لوگوں کی آسانی کے لئے آن لائن بکنگ ٹائم حاصل کرنے کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے، اربوں روپے کے ٹیکس کی وصولیابی کیلئے لوگوں کو بہترین اور سازگار ماحول دیا گیا ہے، دوستانہ اور بہتر ماحول میں کام کی سہولت مہیا کی گئی ہے، ایک آفس ڈسٹرکٹ ساتھ میں بھی کھولنے جارہے ہیں جو رات دیر تک فعال ہوگا۔شرجیل انعام میمن نے خواتین کے لئے مخصوص ایک علیحدہ دفتر قائم کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ لوگوں کو ہوم سروس بھی مہیا کی جائے گی جس کے معمول کے سروس چارجز ہوں گے، سرکار کو واجب الادا ٹیکسز کی ادائیگی سے نظام بہتر طور پر کام کرتا ہے۔