حیدرآباد – 18 اپریل (اے پی پی)پلاننگ اینڈ ڈویلپمینٹ کے سینئر وفاقی وزیر احسن اقبال نے مہران یونیورسٹی جامشورو کا دورہ کرتے ہوئے ڈیجیٹل لائبریری کے مختلف حصوں میں پڑھنے والے طلبہ و طالبات سے بات چیت کی۔ انہوں نے طلبہ سے ان کے تعلیمی کیرئر کے متعلق سوال جواب کئے بعد میں پاک یو ایس سینٹر فار ایڈوانسڈ اسٹڈیز ان واٹر کی نئی عمارت کا دورہ کیا اور عمارت کے مختلف سیکشنز اور لیبارٹریز کا جائزہ لیا۔اس موقع پر پاک یو ایس سینٹر فار ایڈوانسڈ اسٹڈیز ان واٹر کے ڈائریکٹر پروفیسرڈاکٹر بخشل لاشاری نے انہیں سینٹر کے بارے میں تفصیلات بتائیں ۔بعدازاں سینیٹ ہال میں خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ میں خود انجنیئر ہوں اور مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ میں پاکستان کی بہترین انجنیئرنگ یونیورسٹی میں موجود ہوں۔انہوں نے کہا کہ انجینئر ترقی کے ضامن اور سفیر ہوتے ہیں اور بہترین انجنیئروں کے بغیر ترقی کا تصور ناممکن ہے، انہوں نے کہا کہ پاک چین قومی راہداری منصوبے کے بعد سندھ میں روزگار کے بہت مواقع پیدا ہو رہے ہیں، کراچی اور حیدرآباد موٹروے مکمل ہونے کے بعد کراچی اور حیدرآباد ایک شہر ہوجائینگے اور نوجوانوں کو روزگار کے سنہری مواقع فراہم ہونگے ۔