سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز نے اسلامی سرمایہ کاری بانڈز کی مد میں58 ارب روپے حاصل کر لیے

173
CDNS
CDNS

اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز (سی ڈی این ایس) نے رواں مالی سال 2023-24 کے دوران9 فروری تک58 ارب روپے کے اسلامک فنانس بانڈز کے ذریعے حاصل کئے ہیں۔ ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز کے ایک سینئر اہلکار نے اے پی پی کو بتایا کہ نیشنل سیونگز نے اسلامی مالیاتی نظام کے فروغ کے لئے اسلامی بانڈز جاری کیے ہیں، جس سے ملک میں اسلامی معیشت کی ترقی میں مدد ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ سی ڈی این ایس نے مالی سال 2023-24 میں اسلامک فنانس بانڈز سے 75 ارب روپے جمع کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی 2023 کے دوران بانڈز کے ذریعے تقریبا 16 ارب روپے جمع کیے گئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سی ڈی این ایس نے گزشتہ مالی سال (2022-23) کے دوران اسلامک بانڈز سے 60 ارب روپے کا ہدف حاصل کیا تھا اور یہی وجہ ہے کہ اس کا مقصد اسلامک فنانس کے شعبے میں نئی جہتیں متعارف کرانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی فنانس کا عالمی مالیاتی شعبے میں بہت اہم کردار ہے۔ اس وقت بہت سے بڑے ممالک کی معیشت کا ایک بڑا حصہ اسلامی فنانس پر مشتمل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سی ڈی این ایس میں ادارہ جاتی اصلاحات پر کام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں مارکیٹ کے موجودہ رجحان کو دیکھتے ہوئے بچت کے کلچر کو مزید بہتر بنانے کے لئے ایک بھرپور ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ سی ڈی این ایس نے رواں مالی سال میں یکم جولائی 2023 سے19 جنوری 2024 تک نئے بانڈز کی مد میں 990 ارب روپے کا ہدف حاصل کیا ہے۔