اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):سنٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز (سی ڈی این ایس )نےنئے بانڈز کے اجرا سے 750 ار ب روپے کی بچت حاصل کی ہے۔ سی ڈی این ایس کے ایک سینئر عہدیدار نے اے پی پی کو بتایا کہ رواں مالی سا ل کے پہلے 6 ماہ میں سی ڈی این ایس نے نئے بانڈز کے اجرا کے ذریعے 750 ارب روپے کی بچت حاصل کی ہے جو رواں سال کے لئے مجموعی ہدف کا 44 فیصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے لئے ادارے نے 1650 ارب روپے کی بچتوں کا ہدف مقرر کیا ہے جس سے ملک میں بچت کی عادت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اسلامی مالیات کے فروغ کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
رواں مالی سال کے لئے اسلامی مالیات کے تحت 170 ارب روپے کی بچتوں کا ہدف مقرر کیاگیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ گزشتہ مالی سال کے دوران ادارے نے 1742 ارب روپے کی بچتیں حاصل کی تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادارے میں اصلاحات کے لئے بھی مختلف اقدامات کئے گئے ہیں۔ صارفین کے لئے اے ٹی ایم کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔