سینٹ ونسینٹ و گرینا ڈائنز میں آتش فشاں سے تباہی ،اقوام متحدہ نےمتاثرہ خاندانوں کی مدد کے لئے 10 لاکھ ڈالر جاری کر دیئے

44
United Nations

اقوام متحدہ۔16اپریل (اے پی پی):اقوام متحدہ نےکیریبئن ملک سینٹ ونسینٹ و گرینا ڈائنزکے آتش فشاں پھٹنے کے تباہ کن اثرات سے نمٹنے اور اس کی راکھ سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے اپنے ایمرجنسی فنڈ سے 10 لاکھ ڈالر جاری کر دیئے ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے ترجمان نے سٹیفن دوجارک نے گزشتہ روز ایک بیان میں بتایا کہ یہ فنڈز متاثرہ افراد اور خاص طور پر نقل مکانہ کرنے والے افراد اور خاندانوں کی فوری انسانی مدد کے لیے فراہم کیے جائیں گے جس کے تحت اقوام متحدہ کے ادارے پینے کے پانی ، حفظان صحت کی کٹس فراہم کریں گے اور اس کے ساتھ ساتھ انتہائی پسماندہ افراد کو کھانے پینے کی اشیا کی خریداری کے لیے رقم فراہم کی جائے گی۔

سٹیفن دوجارک نے کہا کہ سینٹ ونسینٹ میں زیادہ تر گھر وں میں پانی نہیں ہے اور آتش فشاں کی راکھ سے ایک لاکھ 10 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں ۔ واضح رہے کہ جزیرہ سینٹ ونسینٹ میں متحرک آتش فشاں لا سوفریری گزشتہ جمعے کو پھٹا تھا اور یہ سلسلہ ابھی جاری ہے جس کے بعد تقریباً 20 ہزار افراد اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو گئے جبکہ آتش فشاں سے چھوٹے دھماکوں کے باعث اردگرد کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی اور پانی کی سپلائی معطل ہو گئی تھی اور راکھ کے بادل چھا گئے اور گردوغبار سے ہوا آلودہ ہو گئی تھی نیز ساڑھے 4 ہزار افراد پناہ گاہوں میں ہیں ا ور ملک کی فضائی حدود بند ہیں۔