باسیتیر ۔10جولائی (اے پی پی):پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم نے کریبیئن ملک سینٹ کرسٹوفر (سینٹ کٹس) اینڈ نیوس کی فیڈریشن کی گورنر جنرل ڈیم مارسیلا اے لیبرڈ کو اپنی سفارتی اسناد پیش کر دیں۔ گورنمنٹ ہاؤس میں منعقدہ باضابطہ تقریب میں پاکستانی ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستانی قیادت اور عوام کی طرف سے گورنر جنرل اور سینٹ کٹس اینڈ نیوس کے عوام کو نیک خواہشات کا پیغام دیا۔ انہوں نے سینٹ کٹس اینڈ نیوس کے ساتھ متحرک اور مستقبل کے حوالے سے تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور بہتر تعاون کے باہمی فائدے پر زور دیا۔
کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں مقیم پاکستانی ہائی کمشنر محمد سلیم کو بیک وقت سینٹ کٹس اینڈ نیوس میں پاکستان کے نان ریذیڈنٹ ہائی کمشنر کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔ پاکستان اور سینٹ کٹس اینڈ نیوس کے درمیان سفارتی تعلقات جنوری 2024 میں قائم ہوئے تھے۔ پاکستانی ہائی کمشنر محمد سلیم پاکستان کے پہلے ایلچی ہیں جنہیں فیڈریشن میں تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے نئے قائم ہونے والے سفارتی تعلقات کو مضبوط بنانے اور سیاسی، تجارتی، سرمایہ کاری، ترقی اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر مبنی شراکت داری قائم کرنے کے لیے پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔اسناد کی پیشکشی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں ایک تاریخی سنگ میل کی نشاندہی کرتی ہے اور آنے والے سالوں میں گہرے تعاون کی راہ ہموار کرتی ہے۔