اسلام آباد ۔20نومبر (اے پی پی)سینٹ کی مشترکہ قائمہ کمیٹی دفاع اور خارجہ نے بھارت اور افغانستان کے ساتھ سرحدوں پر صورتحال اور پاکستان کی دفاعی تیاریوں سے متعلق اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر فائربندی کی خلاف ورزیوںپر منہ توڑ جواب دینے کے ساتھ ساتھ تینوں مسلح افواج مکمل فعال اور الرٹ ہیں ‘ پاکستان نے اب تک لائن آف کنٹرول پر کوئی خلاف ورزی نہیں کی لیکن بھارت کی جانب سے ہر خلاف ورزی پر موثر جواب دیا گیا ‘دہشت گردی کی روک تھام ‘اسلحہ اور منشیات کی سمگلنگ کو ناکام بنانے کے لئے دونوں ممالک کو پاک افغان سرحد پر 178کراسنگ پوائنٹس پر نقل و حرکت کی کڑی نگرانی کرنی چاہیے ‘رواںسال اگست سے اب تک پاک افغان سرحدعبورکرنے کی 86 خلاف ورزیاںہوئیں ‘موثر سرحدی نگرانی کے لئے ماڈل پراجیکٹ کے طور پر سفری دستاویزات نظام متعارف کردیا گیا ہے ‘ پاکستان افغانستان کے مابین تمام پرانے تنازعات کا حل صلح کے عمل میں ہے‘دہشت گردوں کے آپریشن کے بعد کلیئر کرائے گئے علاقوں میں آئی ڈی پیز کی واپسی کا عمل تیزی سے جاری ہے ۔چیئرمین سینٹ نے بھارت اور افغانستان کےساتھ سرحدوں پر صورتحال اور پاکستان کی دفاعی تیاری سے متعلق مشترکہ رپورٹ مرتب کرنے کے لئے سینٹ کی قائمہ کمیٹی دفاع اور خارجہ کو ٹاسک سونپا تھا ۔