اسلام آباد ۔ 13 فروری (اے پی پی) قومی کمیشن برائے انسانی ترقی (این سی ایچ ڈی) کی چیئرپرسن سینیٹر رزینہ عالم خان نے کہا ہے کہ انسانی تہذیب کی بنیاد تعلیم پرہے، اس سے معاشرے کو معاشی خوشحالی اور انسانی ترقی جیسے بہت سے فوائد حاصل ہوتے ہیں، ہر فرد کی ترقی اس بات میں مضمرہے کہ وہ صحت مند اور امن پسند زندگی گزارے، ناخواندہ لوگ عام زندگی میں فیصلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے کیونکہ ان میں خود اعتمادی اور خود مختاری کی کمی پائی جاتی ہے، انسانی ترقیاتی اشارے تمام تعلیم سے ہی جڑے ہوئے ہیں، وقت کی ضرورت ہے کہ ہم تعلیم کو ایک ایسے عنصر کے طور پر پیش کریں جس سے انسانی ترقیاتی اشارے بہتر ہوسکیں کیونکہ تعلیم ہی انسانی ترقیاتی اشاروں میں بہتری لا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماہرینِ غیر رسمی تعلیم اور تعلیم بالغاں پروگرام کے تجزیاتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔