اسلام آباد ۔ 29 ستمبر (اے پی پی) رواں سال جولائی سے بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی اور نہتے کشمیریوں پر کئے جانے والے مظالم میں اضافہ کردیا ہے۔ بھارتی مقبوضہ کشمیر کی جانب سے جاری تشدد اور مظالم سے سو سے زائد نہتے اور معصوم کشمیری شہید 150 سے زائد مکمل طور پر نابینا جبکہ ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کی غاصب افواج اپنے مظالم سے کشمیریوں کو اپنے حق خودارادیت کی جائز جدوجہد سے روکنا چاہتی ہیں۔ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے ذریعے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کی بھارتی کوشش کی شدید مذمت کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم کے خصوصی پارلیمانی نمائندوں سینیٹر رضا فاروق اور رانا محمد افضل خان نے فرانس کے اراکین پارلیمان سے ملاقاتوں میں کیا۔ خصوصی وفد فرانس کے دورہ پر ہے تاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مستقل رکن ملک ہونے کی حیثیت سے فرانس کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم سے آگاہ کیا جاسکے اور فرانس لمبے عرصہ سے حل طلب مسئلہ کے حل کیلئے اپنا کردارادا کرسکے۔