کراچی۔ 14 جنوری (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے صوبائی وزیر ترقی نسواں شاہینہ شیر علی سے کراچی میں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سندھ حکومت کے تعاون سے بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین کی بااختیاری، سکل ٹریننگ اورکاروبار شروع کرنے کے اقدامات بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آئندہ اجلاس میں بی آئی ایس پی ، سندھ حکومت اور سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشنل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کے حکام شرکت کریں اور بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین کی سکل ٹریننگ، کاروبار کے مواقع اور آپریشنل طریقہ کار کو وضع کرنے کے حوالے سے ورکنگ پیپرز تشکیل دیں۔
چیئرپرسن روبینہ خالد نے صوبائی وزیر سے گفتگو کرتےہوئے کہا کہ ہم رواں سال کو بینظیرہنر مند پروگرام کیلئے وقف کررہے ہیں جس کے ذریعے ہم مستحق خواتین اور انکے گھرانوں کے افراد کو ہنر کی تربیت فراہم کریں گے تاکہ وہ اپنا روزگار کماتے ہوئے اپنے پاؤں پر کھڑے ہوسکیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں مستحق خواتین کی سکل ٹریننگ کیلئے سندھ حکومت کے تعاون کی ضرورت ہے۔ شاہینہ شیر علی نے بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین کی معاشی بااختیاری کے اقدامات کو بے حد سراہا اور اپنے ادارے کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔