سینیٹر سیمی ایزدی کی قیادت میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کا ‘جنگلی حیات کے عالمی دن’ کی مناسبت سے ٹریل 5 کا دورہ

214

اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی نےجنگلی حیات کے عالمی دن کی مناسبت سے سینیٹر سیمی ایزدی کی قیادت میں ٹریل 5 کا دورہ کیا۔ اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی چیئرپرسن رینا سعید خان نے قائمہ کمیٹی کے ارکان کی آمد پر ان کا استقبال کیا گیا۔ اس کے بعد کمیٹی کے اراکین نے سکول کے بچوں کے ساتھ ورلڈ وائلڈ لائف ڈے کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لیے واک میں حصہ لیا۔

سینیٹر سیمی ایزدی نے ورلڈ وائلڈ لائف ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں اس بات کا اعادہ کیا کہ جنگلی حیات ہمارے ماحولیاتی نظام اور حیاتیاتی تنوع کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور حکومت پاکستان کو اس بارے آگاہی پیدا کرنے کے لئے اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ تمام سٹیک ہولڈرز کو مستقبل کی نسلوں کے لیے قیمتی انواع کے تحفظ کے لیے اپنی کوششوں میں شامل کرنا چاہیے۔

مزید برآں سینیٹ کمیٹی کو اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ حکام نے مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے تحفظ کے لیے اپنی کوششوں اور اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ (آئی ڈبلیو ایم بی) کی چیئرپرسن رینا سعید خان نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ آئی ڈبلیو ایم بی جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے کارپوریٹ سیکٹر اور سول سوسائٹی کے ساتھ شراکت داری کو بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ڈبلیو ایم بی ایکٹ جو بورڈ کو بااختیار بناتا ہے ابھی تک زیر التواء ہے، اس کے نفاذ کے بعد بورڈ سیاحوں سے انٹری فیس وصول کرکے اور کوڑا کرکٹ پھینکنے پر عوام پر جرمانہ عائد کرکے مالیات بڑھا سکے گا۔

آئی ڈبلیو ایم بی کی جانب سے آنے والے فائر سیزن کے لیے کیے جانے والے احتیاطی اقدامات کے بارے میں غور و خوض کرتے ہوئے چیئرپرسن نے بتایا کہ "فائر کوآرڈینیشن گروپ”، ایک واٹس ایپ گروپ بنایا گیا ہے اور تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو موثر رابطہ کاری اور بروقت کارروائی کے لیے گروپ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ مزید برآں قائمہ کمیٹی نے تجویز دی کہ آئی ڈبلیو ایم بی کو جنگلی جانوروں کو گھروں پر رکھنے کے عمل کے خلاف ضروری کارروائی کرنی چاہیے۔

سینیٹ کمیٹی نے تیندوے کے ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے رینجرز اور رضاکاروں کی کاوشوں کو سراہا۔ اجلاس میں سینیٹر تاج حیدر، سینیٹر عابدہ محمد عظیم، سینیٹر خالدہ عاطیب، سینیٹر ڈاکٹر ہمایوں مہمند، اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی چیئرپرسن رینا سعید خان، سینئر جوائنٹ سیکرٹری وزارت ماحولیاتی تبدیلی سید مجتبیٰ حسین اور متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔