اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے اسرائیل کی جانب سے خان یونس میں مزید چھ صحافیوں کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں چھ صحافیوں کا بے دردی سے قتل اسرائیل کی صحافت دشمنی اور سچ کو دبانے کی بدنیتی کا ناقابلِ تردید ثبوت ہے، عالمی برادری انسانی المیے کو روکنے کےلئے اس ظالمانہ اور بے رحمانہ قتلِ عام کے خلاف فوری، مؤثر اور عملی اقدامات کرے ۔
منگل کو پی پی پی میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق شیری رحمان نے کہا کہ اسرائیل کی سفاکانہ اور غیر انسانی پالیسی نے چھ اور صحافیوں کو ہمیشہ کے لیے خاموش کر دیا ہے جو صحافت اور آزادی اظہار پر منہ بولتا وار ہے، صحافیوں کا قتل نہ صرف ایک وحشیانہ جرم بلکہ بین الاقوامی قانون کے تحت ایک سنگین جنگی جرم ہے، اسرائیل دنیا کے سامنے کھلم کھلا دہشت گردی اور ظلم و بربریت کا مظاہرہ کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں چھ صحافیوں کا بے دردی سے قتل اسرائیل کی صحافت دشمنی اور سچ کو دبانے کی بدنیتی کا ناقابلِ تردید ثبوت ہے، ہسپتال، بچے، خواتین اور صحافی اسرائیل کا کوئی بھی ہدف انسانیت کی حدود سے ماورا ہے، اس کا ہر اقدام انسانیت کے خلاف ورزی اور اخلاقی پستی کی بدترین مثال ہے، النصر ہسپتال پر بمباری اسرائیل کی انسانیت سوزی اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کا منہ بولتا ثبوت ہے، جو دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ صحافیوں کے خون سے رنگے ہاتھوں گرفتار اسرائیل خود کو جمہوریت اور آزادی کا علمبردار قرار دینے کا کوئی حق نہیں رکھتا، غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے، وہ کسی طرح جنگ نہیں بلکہ ایک نسل کشی، انسانی حقوق کی پامالی اور سچ کے خلاف اعلانِ جنگ ہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس ظالمانہ اور بے رحمانہ قتلِ عام کے خلاف فوری، مؤثر اور عملی اقدامات کرے تاکہ اس انسانی المیے کو روکا جا سکے۔