سینیٹر شیری رحمان کی راجہ راستی تا عمرکوٹ 17 کلومیٹر سڑک پر ٹول ٹیکس نافذ کرنے پر نظر ثانی کرنے کی ہدایت

82

اسلام آباد۔14فروری (اے پی پی):صدر نشین سینیٹر شیری رحمان نےراجہ راستی تا عمرکوٹ 17 کلومیٹر سڑک پر ٹول ٹیکس نافذ کرنے پر نظر ثانی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ قائمہ کمیٹی سے تین ماہ میں رپورٹ طلب کر لی۔جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر پونجو نے راجہ راستی تا عمرکوٹ 17 کلومیٹر سڑک پر بغیر تکمیل کے ٹول ٹیکس نافذ کرنے سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ میر پور خاص سے کھوکھرا پار 154 کلومیٹر پر ٹول ٹیکس نافذ ہے اور یہ 17 کلومیٹر کا ایریا بھی اسی میں آتا ہے ،2020 سے اس سڑک پر کام شروع ہوا ،2021 میں اس حوالے سے عدالتوں میں کیس زیر سماعت ہیں۔انہوں نےکہاکہ اس ماہ اس منصوبے پرکام شروع ہوگا اور جو تین مہینے میں مکمل کیا جائے گا ۔صدر نشین شیری رحمان نے رولنگ دی کہ متعلقہ ادارہ اس معاملے پر نظر ثانی کرے اور متعلقہ کمیٹی اس حوالے سے تین ماہ میں اپنی رپورٹ پیش کریں۔