
اسلام آباد ۔ 18 اپریل (اے پی پی) پولیو کے خاتمہ بارے وزیر اعظم کی فوکل پرسن سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے پولیو کے قطر ے پلانے کی قومی مہم کا جائزہ لینے کےلئے منگل کو راولپنڈی اسلام آباد کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے صف اول کے پولیو کارکنوں کی محنت اور لگن کو سراہا اور کہا کہ آئندہ نسلوں کے صحت مند مستقبل کو یقینی بنانے کے لئے ان کارکنوں کی بے لوث محنت اور لگن قابل ستائش ہے اور ہم ان کارکنوں کے ممنون ہیں۔ سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے راولپنڈی اور اسلام آباد کے نواحی علاقوں کے ہیلتھ سینٹرز او رمختلف علاقوں کا دورہ کیا ۔ انہوں نے نکاسی آب میں سے وائرس کے نمونے اکٹھے کئے جانے والی جگہ کا دورہ کیا اور صف اول کے کارکنوں کے کام اور اسلام آباد انتظامیہ کے عزم کو سراہا ۔انہوں نے ٹرانزٹ ٹیموں پر زور دیا کہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لئے کوششیں تیز کر دی جائیں اور ہم اکٹھے مل کر کام کرکے ہی قوم کو پولیوکی بیماری سے یقینی طو رپر نجات دلا سکتے ہیں۔