سینیٹر عرفان صدیقی کی دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک آمد، مولانا حامد الحق کی شہادت پر تعزیت

105
Senator Irfan-ul-Haq Siddiqui
Senator Irfan-ul-Haq Siddiqui

اسلام آباد۔5مارچ (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے بدھ کو دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کا دورہ کیا اور مولانا عبدالحق ثانی سے ان کے والد مولانا حامد الحق کی شہادت پر فاتحہ خوانی کی۔جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا راشدالحق سمیع اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے مولانا حامد الحق حقانی شہید کے فرزند اور ان کے سیاسی جانشین مولانا عبد الحق ثانی، جامعہ کے نائب مہتم مولانا راشدالحق سمیع، اساتذہ اور طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا حامد الحق کی شہادت ہم سب کے لیے بہت بڑا صدمہ ہے۔ مولانا سمیع الحق شہید کے بعد مولانا حامد الحق نے دارالعلوم کے معاملات کو نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ آگے بڑھایا اور جمعیت علمائے اسلام (س) کو بھی قومی سیاست میں فعال رکھا۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک سے میرا دیرینہ روحانی رشتہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے جامعہ حقانیہ پر حملہ کرکے اور مولانا حامد الحق کو نشانہ بنا کر ہمیں یہ پیغام دیا ہے کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے ہمیں متحد ہو کر ہر ممکن اقدام کرنا چاہیے، حکومت اپنی قومی ذمہ داری سے بخوبی واقف ہے، انشاء اللہ مولانا حامد الحق شہید کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔