سینیٹر محمد اورنگزیب سے اسياد گروپ کے وفد کی ملاقات

99
سینیٹر محمد اورنگزیب سے اسياد گروپ کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد۔20فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے جمعرات کو اسياد گروپ کے وفد نے ملاقات کی جس میں اسياد ہولڈنگز کے سی ای او غسان العمودی، وافی انرجی پاکستان لمیٹڈ کے چیئرمین زبیر شیخ، وافی انرجی پاکستان لمیٹڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او اور اسياد ہولڈنگز کے سی ایف او اور وافی انرجی پاکستان لمیٹڈ کے ڈائریکٹر جواد اختر نے شرکت کی۔

وزیر خزانہ نے وفد کا خیرمقدم کیا اور اسياد ہولڈنگز اور وافی انرجی پاکستان کی پاکستان کے توانائی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں خدمات کو سراہا۔ انہوں نے حکومت کی غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے اور کاروباری دوستانہ ماحول کو یقینی بنانے کے عزم کی تجدید کی۔ سینیٹر محمد اورنگزیب نے وفد کو العلاء کانفرنس 2025 کے لیے سعودی عرب کے اپنے حالیہ دورے کے بارے میں بریفنگ دی جس میں وژن 2030 کی قابل ذکر پیش رفت اور علاقائی اقتصادی تبدیلی پر اس کے اثرات پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے سعودی عرب کی اقتصادی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں پیش رفت کو سراہا۔ وفد نے وزیر خزانہ کو پاکستان میں اپنے سرمایہ کاری کے منصوبوں کو وسعت دینے کے بارے میں آگاہ کیا ۔ اس بات پر زور دیا کہ پاکستان پہلے ہی ان کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کی میزبانی کر رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی اقتصادی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا اور ڈائون سٹریم پٹرولیم سیکٹر اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے میں مزید تعاون کے اپنے وژن کو شیئر کیا۔

وفد نے وزیر خزانہ کی پاکستان کی معیشت کو بحال کرنے کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے حکومت کی جاری اصلاحات اور مستحکم اقتصادی ماحول بنانے کے عزم کو سراہا۔ وزیر خزانہ نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مکمل تعاون فراہم کرنے اور ایسی پالیسیوں کو فروغ دینے کے لیے حکومت کے عزم کی تجدید کی جو سرمایہ کاری، جدت اور پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دیں۔