اسلام آباد ۔ 4 مئی (اے پی پی) سینیٹر مشاہد حسین سید خارجہ امور کمیٹی کے بلامقابلہ چئیرمین منتخب ہو گئے۔ سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا اجلاس جمعہ کو منعقد ہوا۔سینیٹر جاوید عباسی نے مشاہد حسین سید کا نام تجویز کیا جبکہ خارجہ امور کمیٹی کی سبکدوش ہونے والی چیئرمیں سینیٹر نزہت صادق نے مشاہد حسین کے نام کی تائید کی۔ کمیٹی کے تمام ارکان نے بلا مقابلہ انتخاب پر مشاہد حسین سید کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ خارجہ امور کمیٹی کے چیئر مین کی حیثیت سے مشاہد حسین کا انتخاب پاکستان کے قومی مفاد کوفروغ و تحفظ دینے اور بین الاقوامی سطح پر ملکی تشخص کو اجاگر کرنے کرنے کیلئے سب سے موزوں ترین شخصیت ہیں۔ اس موقع پر مشاہد حسین سید نے کہا کہ سی پیک، بہترین ہمسایہ ملکوں کیساتھ خوشگوار تعلقات،کشمیر،فلسطین اور روہنگیا مسلمانوں کے مسائل اوردفتر خارجہ کا استحکام ہماری اولین ترجیحات ہیں۔انہوں نے کہا کہ خارجہ پالیسی وہ شعبہ ہے جس پر تمام ذاتی مفادات سے بالا تر ہو کر وسیع تر قومی اتفاق رائے پیدا کرنیکی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ انکی کوشش ہوگی کہ خارجہ کمیٹی خارجہ پالیسی معاملات سے متعلق یکساں موقف اختیار کرے۔ سینیٹر مشاہد حسین نے کہا کہ پارلیمنٹ کو خارجہ پالیسی کی مانیٹرنگ کرنا چاہیئے کیونکہ یہ پاکستان کے منتخب عوام کی نمائندگی کر تی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملکوں اور مسلم ممالک کیساتھ پر امن اورخوشگوار تعلقات،سی پیک،کشمیر فلسطین اور روہنگیا کے مسائل خارجہ کمیٹی کی ترجیحات میں شامل ہیں۔