اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):سینیٹ آف پاکستان کے 350 ویں اجلاس کے دوران پروفیسر ساجد میر مرحوم کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ ایوان بالا میں ان کی علمی، دینی، قومی و سیاسی خدمات کے اعتراف میں ایک قرارداد پیش کی گئی۔
یہ قرارداد وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے ایوان میں پیش کی جسے تمام سینیٹرز نے انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ سنا اور متفقہ طور پر منظور کیا۔ سینیٹ ارکان نے پروفیسر ساجد میر کی ملک و ملت کے لیے بے لوث خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں ایک عظیم مدبر، عالم اور رہنما قرار دیا۔سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پروفیسر ساجد میر کی خدمات پاکستان کے آئینی، دینی اور جمہوری تشخص کا روشن باب ہیں، ان کی زندگی قوم کے لیے ایک رول ماڈل ہے۔
سینیٹ ارکان نے اس موقع پر دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596930