لاہور۔23فروری (اے پی پی):گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں اوپن بیلٹ سے جمہوریت کمزور نہیں مضبوط ہوگی، اپوزیشن اوپن بیلٹ کی مخالفت کر کے جمہوریت کی نفی کر رہی ہے،ملک میں کوئی مڈٹر م یا شارٹ ٹرم انتخابات نہیں ہوں گے ۔وہ منگل کوگورنر ہائوس لاہور میں تحر یک انصاف کے مختلف وفود سے گفتگو کررہے تھے۔
انہو ں نے کہا کہ الیکشن 2023 میں ہی ہوں گے، اپوزیشن کو لانگ مارچ کر نے کی بجائے الیکشن کا انتظار کر نا چاہیے ،عام آدمی کو صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومت تمام وسائل بروے کار لا رہی ہے،عوام سے کیے جانے والے وعدوں کو پورا کر یں گے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ سے پاک شفاف سینیٹ انتخابات سے جمہوریت اور پار لیمنٹ مزید مضبوط ہوگی اس لیے اپوزیشن جماعتوں کو بھی چاہیے کہ وہ ضد چھوڑ کر سینیٹ انتخابات میں اوپن بیلٹ کے فیصلے کی حمایت کر یں ورنہ ہارس ٹر یڈ نگ کی بیماری سے نجات حاصل کر نا ممکن نہیں گا۔انہوں نے کہا کہ ہارس ٹر یڈ نگ بھی بدترین کر پشن ہے جس کو ختم کر کے جمہوریت کو کر پشن سے پاک کیا جاسکتا ہے۔
چوہدری محمدسرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا قوم سے وعدہ ہے کہ وہ کر پشن کو جڑوں سے ختم کر یں گے کیونکہ کوئی معاشرہ کر پشن کے خاتمے اور شفافیت کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کو مستحکم جبکہ اپوزیشن کمزور کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی ایجنڈہ عام آدمی کو مضبوط بنانا اور ہر شعبے میں ریلیف دینا ہے جو اپوزیشن جماعتوں سے برداشت نہیں ہورہا۔
انہوں نے کہا کہ مشکل تر ین حالات کے باوجود وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کی معاشی ٹیم نے پاکستان کو معاشی میدان میں درست سمت میں ڈال دیا ہے۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ حکومتی مخالفین کو سیاسی اور ذاتی نہیں بلکہ قومی مفادات کو تر جیح دینی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام حکومت اور جمہوریت سمیت تمام اداروں کے ساتھ متحد کھڑے ہیں، انشاءاللہ پاکستان میں جمہوریت اور پار لیمنٹ سمیت تمام ادارے مضبوط ہوں گے اور اپوزیشن کے عزائم ناکام ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف کی حکومت عوام کی طاقت سے اپنی آئینی مدت پوری کر یگی اور آئندہ عام انتخابات اپنے مقر رہ وقت پر ہی ہوں گے۔