سینیٹ انتخابات میں عبدالحفیظ شیخ کی شکست کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، فیصل واوڈا نے پارٹی کیلئے بہت کام کیا ہے،پارٹی کو ہاوس میں ان کی ضرورت ہے،وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود

48
زرداری ٹولے کا مشن کرپشن اور لوٹ مار ہے ،پیپلزپارٹی کا نام نہاد لانگ مارچ شروع ہوتے ہی ختم ہوگیا،عوام ظالم لٹیروں سے سندھ کی پسماندگی کا حساب لیں گے،وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود

اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں عبدالحفیظ شیخ کی شکست کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، یوسف رضاگیلانی پر بدعنوانی کے سنگین الزامات ہیں، اپوزیشن کی طرف سے انہیں نامزد کرنا ان کی کرپٹ سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوسف رضاگیلانی اپنے دور حکومت کے دوران بڑے پیمانے پر بدعنوانی میں ملوث رہے ہیں، اب سینیٹ انتخابات لڑنے کا فیصلہ ان کی لالچ کی انتہا ظاہر کرتا ہے، یوسف رضا گیلانی سینیٹ الیکشن نہیں جیت سکیں گے اور عبدالحفیظ شیخ کی شکست کے امکانات زیرو ہیں، ہو سکتا ہے کہ آصف علی زرداری اور یوسف رضا گیلانی لوٹ مار کے جمع پیسے کو استعمال کرنے کا ارادہ رکھتے ہوں لیکن وہ کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ تحریک انصاف کی اکثریت ہے۔

شفقت محمود نے کہا کہ انتخابات کے وقت پارٹی اراکین کے گلے شکوے اور ناراضگیاں ہوتی رہتی ہیں، یہ جمہوریت میں معمول کی بات ہے، تحریک انصاف کے لوگ پارٹی کے ساتھ مخلص ہیں اور وہ انتخابات کے وقت اپنے ہی امیدواروں کو ووٹ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی بے شمار مثالیں موجود ہیں کہ جو لوگ قومی اسمبلی میں رہے ہوں وہ سینیٹ کا بھی حصہ بنے، میں خود دو مرتبہ لاہور سے منتخب ہو کر سینیٹ کا رکن رہا ہوں، فیصل واوڈا نے پارٹی کیلئے بہت کام کیا ہے، وہ پارٹی کے ساتھ مخلص اور محنتی بھی ہیں اسلئے جماعت کو ان کی ضرورت ہے اسلئے انہیں سینیٹ کا ٹکٹ دینے میں کوئی حرج نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا یہ تاثر غلط ہے کہ وزیراعظم عمران خان قریبی دوستوں کو نوازتے ہیں، فیصل واوڈا وزیراعظم کے ذاتی دوست نہیں ہیں، انہوں نے 2011ءمیں تحریک انصاف میں شمولیت کی تھی اور میرے خیال میں اسی وقت انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے پہلی ملاقات کی تھی، وزیراعظم عمران خان کے بہت سے کرکٹرز دوست ہیں لیکن شاید ہی کوئی سیاست میں ہو۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو کھولنے کا فیصلہ درست ثابت ہوا ہے، اب وبا میں بتدریج کمی آ رہی ہے اسلئے ہم پوری تعداد میں بچوں کو سکولوں میں آنے کی اجازت دینے پر غور کر رہے ہیں، ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر ایک سکول کو بند کیا گیا ہے۔

شفقت محمود نے کہا کہ وفاقی حکومت نے نئے نصاب کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیا تھا، تمام صوبوں، نجی سکولوں اور مدارس کے سربراہان سے بھی مشاورت کی گئی تھی، جو لوگ نصاب پر تنقید کر رہے ہیں انہوں نے اسے پڑھا ہی نہیں ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ بچوں کیلئے ضروری ہے کہ وہ سکولوں میں ناظرہ پڑھیں، دوسرے مذاہب سے تعلق رکھنے والے بچوں کیلئے الگ نصاب ہو گا۔

حلیم عادل شیخ کی گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے انتخابات پر اثرانداز ہونے کیلئے ان کی گرفتاری عمل میں لائی، پیپلزپارٹی کے قائدین خریدوفروخت اور ڈرانے دھمکانے سمیت اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنے میں ماہر ہیں۔