سینیٹ انتخابات میں یوسف رضاگیلانی کی جیت جمہوریت کی شکست، کرپشن اور کرپٹ نظام کی فتح ہے،پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی ملیکہ بخاری

65

اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن قومی اسمبلی ملیکہ بخاری نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں یوسف رضاگیلانی کی جیت جمہوریت کی شکست، کرپشن اور کرپٹ نظام کی فتح ہے، ایک سیٹ ہارنے سے ہمارے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، کرپٹ نظام کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں تحریک انصاف چاروں صوبوں سے جیت کر اکثریتی جماعت بن کر ابھری ہے، اسلام آباد میں جنرل نشست میں ہمیں شکست ہوئی لیکن یوسف رضا گیلانی کی جیت سے وزیراعظم عمران خان کے موقف کی تائید ہوئی ہے، ہم شروع دن سے کہہ رہے تھے کہ ضمیر فروشی کا عمل آگے بڑھ رہا ہے اور آج وہی ہوا۔ ملیکہ بخاری نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی جیت جمہوریت کی شکست، کرپشن اور کرپٹ نظام کی جیت ہے، عوامی نمائندوں نے دکھایا کہ نوٹ پھینک کر ضمیر خرید سکتے ہیں، آج ایوان کیلئے سیاہ دن ہے جس جماعت کے 180 ووٹ تھے اس کو 164 ووٹ کیسے ملے؟۔ انہوں نے کہا کہ ووٹوں کے خریدار کہہ رہے ہیں کہ جمہوریت کی جیت ہوئی ہے، خدارا قوم کا مذاق نہ اڑائیں اور عوام کو گمراہ نہ کریں، عوام سب جانتے ہیں کہ انتخابات میں کیا ہوا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عبدالحفیظ شیخ کو پارٹی کا اعتماد حاصل تھا لیکن جمہوری نظام میں کرپشن، فراڈ اور پیسہ جیتا ہے جس کا ہم اعتراف کرتے ہیں، سینیٹ انتخابات میں خریدوفروخت سے جمہوریت کو نقصان پہنچا ہے۔

ملیکہ بخاری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی شفاف انتخابات کیلئے ایک طویل جدوجہد ہے، موجودہ حکومت نے پارلیمنٹ میں سینیٹ الیکشن ریفارمز بل پیش کیا لیکن اپوزیشن نے اس کی مخالفت کی اور آج یہی لوگ کرپٹ نظام سے مستفید ہوئے ہیں، یہ لوگ خفیہ بیلٹ کے ذریعے ووٹنگ سے جو کرنا چاہتے تھے وہی ہوا ہے۔