سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس (کل) پیر کو بالترتیب 5 اور 3.30بجے شام پارلیمینٹ ہائوس میں منعقد ہوں گے

66

اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):ایوان بالا (سینیٹ) اور ایوان زیریں (قومی اسمبلی) کے اجلاس دو روز کے وقفہ کے بعد (کل) پیر کو بالترتیب 5 اور 3.30بجے شام پارلیمینٹ ہائوس میں منعقد ہوں گے۔

سینیٹ کی ویب سائٹ پر شیئر کئے گئے ایجنڈا کے مطابق سینیٹ کے اجلاس میں نئے قانونی بلز متعارف کرانے کے علاوہ مختلف قراردادیں اور تحاریک کے ساتھ ساتھ معمول کی کارروائی ہو گی۔

سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر محسن عزیز، مشتاق احمد اور اعجاز چوہدری کی جانب سے حریت رہنما سید علی گیلانی کی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیری عوام کیلئے انصاف، آزادی اور حق خود ارادی کیلئے طویل جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے قرارداد بھی پیش کی جائے گی ۔

قومی اسمبلی کی ویب سائٹ پر شیئر کئے گئے ایجینڈا کے مطابق اجلاس کے وقفہ سوالات، توجہ دلائو نوٹسز، قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس کی ایوان میں پیشی کے ساتھ ساتھ دیگرقانونی امور بھی نمٹائے جائیں گے۔