سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر راجہ ظفرالحق کی چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو

73

اسلام آباد ۔ 27 جون (اے پی پی) سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر راجہ ظفرالحق نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ آزادانہ، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے تمام انتظامات یقینی بنائے، چیف الیکشن کمشنر سے کہا ہے کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کیلئے مساوی مواقع فراہم کریں۔ بدھ کو مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما زاہد حامد کے ہمراہ چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کے بعد الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کے دوران ان سے کہا ہے کہ انتخابی عمل میں تمام سیاسی جماعتوں کو مساوی مواقع فراہم کئے جائیں اور یہ تاثر ختم ہونا چاہئے کہ چند سیاسی جماعتوں کیلئے مشکلات پیدا کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے اپنا کام جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشنر کے ساتھ ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کے این اے 59 سے امیدوار انجینئر قمر الاسلام کی گرفتاری کے معاملہ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔