31 C
Islamabad
جمعہ, مئی 16, 2025
ہومقومی خبریںسینیٹ میں پاکستان کے خلاف بھارتی جارحیت کی شدید مذمت اور ''بنیان...

سینیٹ میں پاکستان کے خلاف بھارتی جارحیت کی شدید مذمت اور ”بنیان مرصوص” کے ذریعے منہ توڑ جواب دینے پر افواج پاکستان کے غیر متزلزل عزم اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے اعتراف کی قرارداد متفقہ طور پر منظور

- Advertisement -

اسلام آباد۔15مئی (اے پی پی):ایوان بالا نے ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور کی ہے جس میں پاکستان کے خلاف بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کی گئی ہے جبکہ کامیاب آپریشن ”بنیان مرصوص” کے ذریعے منہ توڑ جواب دینے پر افواج پاکستان کے غیر متزلزل عزم اور پیشہ وارانہ صلاحیت کو سراہا گیا ہے۔ جمعرات کو ایوان بالا کے اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے یہ قرارداد ایوان میں پیش کی۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بری فوج، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ نے ایک بار پھر کامیاب آپریشن ”بنیان مرصوص” کے دوران غیر متزلزل عزم اور پیشہ وارانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا جو کہ بھارت کی بلااشتعال جارحیت کے خلاف کیا گیا، اس نپے تلے اور ریزولیوٹ آپریشن سے مادر وطن کی قومی سلامتی اور علاقائی خود مختاری کو یقینی بنانے میں مدد ملی اور پاکستان کے ذمہ دار جوہری ملک کا تشخص ابھر کر سامنے آیا۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان ہماری قوم کو طاقت، حوصلہ، اتحاد عطاء کرنے، بھارت کی ننگی جارحیت کے خلاف عزت و وقار کے ساتھ تحفظ اور فیصلہ کن اخلاقی اور سٹرٹیجک کامیابی حاصل کرنے پر اﷲ تعالیٰ کا شکر ہے، پاکستانی عوام کو مبارک ہو، تمام سیاسی، مذہبی اور نظریاتی تفریق کے باوجود پوری قوم نے غیر متزلزل اتحاد کا مظاہرہ کیا، پوری پاکستانی قوم ایک مقصد پر یک آواز ہو گئی جو کہ ملکی سلامتی، علاقائی خود مختاری اور پاکستان کا وقار تھا۔

- Advertisement -

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج کو ان کی بہادری، ڈسپلن، مثالی مہارتیں اور عظیم کامیابی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، انہوں نے شاندار پیشہ وارانہ حب الوطنی کا مظاہرہ کیا اور سکیورٹی چیلنجز کا ریزولیوٹ فوجی کارروائی سے جواب دیا۔ پاک فضائیہ نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور دشمن کی فوجی طاقت کا گھمنڈ خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے سٹرٹیجک توازن اور ریڈ لائن کو برقرار رکھا، پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں پر اعتماد کا دنیا میں اعتراف کیا جا رہا ہے اور سراہا جا رہا ہے۔

قرارداد میں بہادر شہداء کی قربانیوں کا اعتراف کیا گیا ہے جنہوں نے قومی سلامتی اور ملکی وقار کیلئے اپنی جانیں قربان کیں، یہ بہادر سپوت قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان بھارت کی بلااشتعال جارحیت اور بچوں اور خواتین سمیت معصوم شہریوں کی شہادت اور مساجد پر حملہ کی مذمت کرتا ہے اور غمزدہ خاندانوں کے ساتھ دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہے، مشکل وقت میں غیر متزلزل اور اصولی حمایت پر دوست ممالک کے شکرگزار ہیں، پاکستان کے علاقائی امن و استحکام کیلئے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، تمام تنازعات کے مخلصانہ، ڈھانچہ جاتی اور جامع مذاکرات بشمول جموں و کشمیر پر مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں اور حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق پائیدار اور منصفانہ حل کیلئے عالمی برادری سے بات چیت کرے۔

قرارداد میں سندھ طاس معاہدہ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان کے پانی کے اپنے جائز حق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں جو کہ قومی سلامتی، عالمی معاہدوں، معاشی استحکام اور سالمیت کا اہم جزو ہے، سندھ طاس معاہدہ کی یکطرفہ خلاف ورزیاں بشمول پاکستان کے حصے کے پانی کو کم کرنے یا رخ موڑنے کی کوئی بھی کوشش عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، یہ نہ صرف انسانیت کے خلاف جرم ہے بلکہ اس کے عالمی اور علاقائی سطح پر سنگین اثرات ہوں گے، پاکستان اس تناظر میں بھارت کے کسی اقدام کو جنگ تصور کرے گا، ہم اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ یہ ایوان اپنی آئینی و قانونی اور جمہوری ذمہ داریاں پوری کرے گا، پاکستان کے قومی مفاد، اتحاد اور امن و سلامتی اور پائیدار ترقی کیلئے کام کرتا رہے گا۔ ایوان نے قرارداد کی متفقہ طور پر منظوری دے دی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597426

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں