سینیٹ کو مضبوط کرنے کیلئے سینیٹ انتخابات کا شو آف ہینڈز کے ذریعے انعقاد وقت کی ضرورت ہے،وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین

53

اسلام آباد۔18جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے سینیٹ انتخابات کیلئے اوپن بیلٹنگ سسٹم کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹ کو مضبوط کرنے کیلئے سینیٹ انتخابات کا شو آف ہینڈز کے ذریعے انعقاد وقت کی ضرورت ہے۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کیلئے اوپن بیلٹنگ سسٹم اختیار کرنا بہت ضروری ہے اور حکومت نے سینیٹ انتخابات کے طریقہ کار کے حوالے سے سپریم کورٹ سے مدد مانگی ہے۔ سینیٹ انتخابات میں سیاستدانوں کا جماعتوں کے ساتھ ڈیل کرنے کے بارے چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان واحد لیڈر ہیں جنہوں نے اپنے 20 ایم پی ایز کو فارغ کیا تھا، امریکہ میں الیکشن کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ میں سینیٹ انتخابات کیلئے براہ راست انتخابات کا طریقہ کار اختیار کیا جاتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ میرا خیال تھا کہ سپیکر اور سینیٹرز کو براہ راست انتخابی نظام کے تحت منتخب کیا جانا چاہیے۔