سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے ڈیولیشن کی متفقہ طور پر 18ویں ترمیم پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی تجویز

152

اسلام آباد۔22جولائی (اے پی پی):سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے ڈیولیشن نےمتفقہ طور پر 18ویں ترمیم پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی تجویز دی ہے۔

پیرکو سینٹ سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان کے مطابق سینیٹر ڈاکٹر زرقا سہروردی تیمور کی زیر صدارت سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے ڈیولیشن کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔اجلاس میں فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ اور نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اور کوآرڈینیشن سے متعلق آڈٹ رپورٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

کمیٹی کی چیئرپرسن نے نشاندہی کی کہ اگرچہ محکمہ آڈٹ جائز اعتراضات اٹھاتا ہے لیکن ان اعتراضات پر کوئی کارروائی نہیں ہوتی، ایک بار جب وہ کسی خرابی کی نشاندہی کرتے ہیں تو وہ اپنے مشاہدات انتظامی حکام کو بھیج دیتے ہیں۔

کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر پونجو مل بھیل، سینیٹر ضمیر حسین گھمرو، سینیٹر سعید احمد ہاشمی، سینیٹر سردار الحاج محمد عمر گورگیج اور سینیٹر فوزیہ ارشد نے شرکت کی، اجلاس میں متفقہ طور پر 18ویں ترمیم پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی تجویز دی گئی۔ چیئرپرسن سینیٹر ڈاکٹر زرقا نے کہا کہ شفافیت کی نگرانی ہماری ترجیح ہے۔ تاہم، ایک ہی چیز کو جاری رکھنا اور کسی مختلف نتیجہ کی توقع رکھنا ناقابل فہم ہے۔

کمیٹی کے اجلاس میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان، وزارت فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ اور وزارت صنعت و پیداوار کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔ چیئرپرسن سمیت دیگر موجود اراکین نے متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کیا۔