سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئر مین فیصل جاوید کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

60

اسلام آباد ۔ 2 ستمبر (اے پی پی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئر مین وپاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو ملک واپس لانے کے لئے دستیاب تمام قانونی آپشنز استعمال کئے جائیں گے، بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو انسانی ہمدردی اور طبی بنیادوں پر عدالت کی طرف سے ضمانت پر باہرجانے دیا گیا انہو ںنے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ سزا یافتہ وی آئی پی مجرم کو ملک واپس لایا جائے ،سینیٹر فیصل جاوید نے کہاکہ وزیر قانون فروغ نسیم اور معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر سابق وزیر اعظم کی واپسی کے لئے قانونی عمل اختیار کریں گے انہوں نے کہا کہ اگر سابق وزیر اعظم تندرست ہیں تو اخلاقی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے واپس آئیں یا اپنی تازہ میڈیکل رپورٹس جمع کرائیں۔ فیصل جاوید نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اپنے قائد کی صحت پر سیاست کی مگر حکومت بلیک میل نہیں ہوگی انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کی توجہ قومی مفاد نہیں بلکہ کرپشن کیسز کا خاتمہ ہے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن عوام کا اعتماد کھو چکی ہے جو احتسابی عمل پر شور مچا رہی ہے اور حکومت پر دباﺅ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے فیصل جاوید نے کہاکہ تمام حربے اور وسائل استعمال کرنے کے باوجود نواز شریف اپنی بے گناہی ثابت نہیں کرسکتے ، شریف برادران کا سیاسی مستقبل تاریک ہے۔