اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ و انسداد منشیات کے چیئرمین سینیٹر فیصل سلیم رحمان سے ملائیشیا کے ہائی کمیشن کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن محمد شافیق فرداؤس بن ہسب اللہ نے سینیٹ سی بلاک میں قائمہ کمیٹی کے چیئرمین چیمبر میں ملاقات کی۔ بدھ کوسینیٹ سیکرٹریٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں تعلیم، تجارت، سیاحت اور پارلیمانی روابط کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا کی ایک سرکاری یونیورسٹی اور ملائیشیا کے اعلیٰ تعلیمی ادارے کے مابین مفاہمتی یادداشت کے تحت طلبہ کے تبادلے کے پروگرام کے آغاز پر گفتگو کی گئی جس کا مقصد تعلیمی تعاون کو فروغ دینا اور عوامی سطح پر روابط کو مضبوط بنانا ہے۔
ہسب اللہ نے اس تجویز کو سراہا اور تعلیمی اداروں کے درمیان شراکت داری کا خیرمقدم کیا۔ملاقات میں مردان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر بھی شریک تھے جنہوں نے ملائیشین ڈپٹی ہیڈ آف مشن سے مقامی چیمبرز اور ملائیشین کاروباری اداروں کے درمیان تجارتی و صنعتی روابط بڑھانے پر بات چیت کی۔ ہسب اللہ نے بتایا کہ وہ پہلے چارسدہ، گوجرانوالہ اور پشاور کا دورہ کر چکے ہیں اور جلد مردان کا دورہ بھی کریں گے۔
سینیٹر فیصل سلیم رحمان، جو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کے بھی رکن ہیں، نے بتایا کہ حالیہ مہینوں میں پاکستان سے ملائیشیا کو باسمتی چاول کی برآمدات میں مثبت اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ دونوں فریقین نے اس رجحان کو مزید فروغ دینے اور نجی شعبے کی سطح پر روابط کو مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔ملاقات میں قیمتی پتھروں کی بین الاقوامی سرٹیفکیشن کے معاملے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
چیئرمین کمیٹی نے پاکستان کے کسی بڑے اکنامک زون میں ایک مشترکہ جیم اسٹون سرٹیفکیشن سہولت کے قیام کی تجویز دی تاکہ مقامی تاجر عالمی معیار کے تحت پتھروں کی تراش، صفائی اور تصدیق کرا سکیں۔ ملائیشین نمائندے نے اس تجویز کو سراہا اور اسے پاکستان کی برآمدات میں شفافیت اور اعتبار کے فروغ کا ذریعہ قرار دیا۔ ملاقات میں ملائیشیا کے ” مائی سیکنڈ ہوم ” پروگرام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس کے تحت پاکستانی شہری مخصوص شرائط پوری کرنے پر 10 سالہ قابلِ تجدید رہائشی ویزا حاصل کر سکتے ہیں جو طویل مدتی قیام، جائیداد کی خریداری اور کاروباری مواقع فراہم کرتا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس سال کے آخر میں مجوزہ پارلیمانی وفد کے ملائیشیا کے دورے پر بھی بات کی۔چیئرمین کمیٹی نے بتایا کہ موجودہ دوطرفہ معاہدوں کے تحت پاکستانی پارلیمانی وفود کو ملائیشیا کے لئے ویزا کی ضرورت نہیں ہوگی۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر فیصل سلیم رحمان نے محمد شافیق فرداؤس بن ہسب اللہ کو یادگاری سووینئر پیش کیا اور پاکستان کی جانب سے ملائیشیا کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔